Most Liked

مزاح کی تعریف اور اس کا مفہوم

 


مزاح نگاری کورس میں خوش آمدید 

یہ مزاح نگاری کی پہلی کلاس ہے۔ اس کلاس میں ہم مزاح کا تعارف پڑھیں گے۔

سب سے پہلے تو لفظ مزاح کے درست تلفظ جان لیجیے۔ اکثر ہم مزاح کو میم پہ زبر کے ساتھ پڑھتے ہیں یعنی مَزاح جو کہ غلط ہے۔ میم پہ زبر نہیں زیر ہے تو درست تلفظ مَزاح نہیں بلکہ مِزاح ہے۔

مزاح عربی زبان کا لفظ ہے۔ تذکیر و تانیث کے اعتبار سے یہ مونث ہے۔ نور اللغات کے مطابق مزاح کا معنی ہنسی، خوش طبعی ظرافت اور مذاق ہے۔ 

نور اللغات میں مزاح کا معنی پڑھ کر ہمارے چہرے پہ مسکراہٹ اور حیرت دونوں ایک ساتھ پھیل گئے۔ بھئی آپ خود سوچیے بھلا مونث کا ہنسی سے کیا تعلق؟ ہم نے تو اپنی زندگی میں جس مونث کو دیکھا ہے یا روتے ہوئے دیکھا ہے یا رلاتے ہوئے دیکھا ہے۔ لیکن مزاح وہ پہلی مونث ہے جو ہنسی کا معنی رکھتی ہے۔ یہ بات اپنی ذات میں انتہائی پر لطف بات ہے۔

تو احباب ذرا توجہ فرمائیے کہ مزاح کیا ہے؟ مزاح ہنسی کو کہتے ہیں۔ گویا ہر وہ بات جسے سن کر ہنسی آئے مزاح کہلاتی ہے۔ ایسی بات مزاحیہ بات کے زمرے میں لائی جاتی ہے۔ بعض حرکتیں بھی ہنسی کا باعث بنتی ہیں۔ اسی طرح بعض سچوایشن بھی ہنسی کا باعث بنتی ہیں۔ گویا ہر وہ بات، حرکت یا سچوایشن جس سے ہنسی آئے مزاح کہلائے گی۔ مزاحیہ بات کی عمدہ مثال لطیفہ ہے۔ مزاحیہ حرکتوں کی عمدہ مثال چارلی چیپلن کی خاموش فلمیں ہیں۔ اور اسی طرح مزاحیہ سچوایشن کی عمدہ مثالیں وہ سٹ کام (sitcom) ہیں جو ہم نے بچپن میں پی ٹی وی پہ دیکھے تھے جیسے فیملی فرنٹ، تین بٹا تین، آنگن ٹیڑھا وغیرہ وغیرہ 

مزاح کا ایک معنی مذاق بھی ہے۔ گویا مزاح اور مذاق لغت کے اعتبار سے ہم معنی ہیں۔ لیکن جب ہم ان کا استعمال دیکھتے ہیں تو ہمیں ایک واضح فرق نظر آتا ہے۔ فرق یہ ہے کہ مذاق میں کسی شخص کے جذبات کے ساتھ کھیل کر اس پہ ہنسا جاتا ہے۔ مثال کے طور پہ کسی شخص کی کوئی قیمتی چیز پوچھے بغیر اٹھا لینا اور چھپا کر رکھ لینا۔ اور اس کے بعد اس شخص کو اپنی چیز کے نہ ملنے پہ روتا اور تڑپتا ہوا دیکھ کر خوش ہونا اور مزے لینا۔ اور بعد میں اس کی چیز یہ کہہ کر واپس کر دینا کہ ہم نے تو مذاق کیا ہے۔ گویا مذاق میں کسی کی دل آزاری کا عنصر شامل ہوتا ہے۔ اس لیے ایک اعلیٰ درجے کا مزاح نگار مذاق کرنے اور مذاق اڑانے سے کوسوں دور رہتا ہے۔

تو ساتھیو! آج کی کلاس میں ہم نے پڑھا کہ مزاح ہنسی کو کہتے ہیں۔ ہمیں نیچے کمنٹ کر کے بتائیے کہ آج کی کلاس میں آپ نے کیا سیکھا؟ 

تبصرے

مشہور اشاعتیں